شعیب اختر ایشیا کپ سے باہر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فاسٹ بولر شعیب اختر ’فٹ نہ ہونے کی وجہ سے‘ آئندہ ماہ سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو رمیض راجہ نے چیف سلیکٹر وسیم باری کو تحریری طور پر مطلع کردیا ہے کہ ایشیا کپ کے لئے ٹیم منتخب کرتے وقت شعیب اختر کی سلیکشن پر غور نہ کیا جائے۔ اس کا سبب انہوں نے شعیب اختر کا مکمل فٹ نہ ہونا بتایا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پھر ڈرہم کاؤنٹی کی میڈیکل رپورٹوں کی روشنی میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ شعیب اختر کو آرام دیا جائے اور کھلانے کا خطرہ مول نہ لیا جائے ۔ وسیم باری کی سربراہی میں قائم قومی سلیکشن کمیٹی سات جون کو ایشیا کپ کی تیاری کے لئے قومی کیمپ کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے والی ہے ۔ ایشیا کپ پندرہ جولائی سے یکم اگست تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ شعیب اختر بھارت کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد سے شہ سرخیوں میں ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ ان پر مستقل تنقید کرتا رہا ہے۔ ایشیا کپ میں شعیب اختر کی شرکت کے بارے میں مبصرین کی عام رائے یہ ہے کہ مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے ڈرہم کاؤنٹی بھی انہیں وقفے وقفے سے کھلارہی ہے لہذا ایشیا کپ میں بھی یہی حکمت عملی پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اختیار کرسکتا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||