 |  وزارت خارجہ کے ترجمان مسعود خان |
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان مسعود خان نے بھارت کی طرف سے چین، پاکستان اور بھارت کے درمیان ’کامن نیوکلیر ڈاکٹرائین‘ کی تجویز پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ اس پر صلاح مشورے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس تجویز پر غور کیا جائے گا۔ ترجمان نے اسے حساس معاملہ قرار دیا۔ مسعود خان نے کہا کہ حال ہی میں طے ہوا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے ماہرین جوہری شعبے میں بحالی اعتماد کے لئے جون میں مذاکرات کریں گے اور بھارتی وزیر خارجہ کی تجویز اس وقت زیر بحث آ سکتی ہے۔ سینیر صحافی اور تجزیہ نگار ایم اے نیازی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پیش کی جانے والی تجویز کے دو مقاصد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلا مقصد تو یہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان چین اور بھارت آپس میں واضح طور پر ’نیوکلیر تھریش ہولڈ‘ یعنی یہ طے کریں کہ ایٹمی اسلحہ کن حالات میں استعمال ہو سکتا اور دوسرا یہ کہ وہ ایک دوسرے کو اپنی جوہری کارروائی کے بارے میں آگاہ رکھیں۔ |