 |  خطے میں امن کے لئے دور تک جانے کو تیار ہیں: قصوری |
پاکستان کے وزیرخارجہ خورشید قصوری نے کہا ہے کہ علاقے میں امن کی بحالی کے لئے ان کا ملک امن کے راستے پر دور تک جانے کو تیار ہے۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کو چاہئے کہ وہ نازک معاملات پر ذرائع ابلاغ یا عام لوگوں میں بات نہ کریں۔ مسٹر قصوری نے یہ بات ان تند وتیز بیانات کے ایک روز بعد کہی ہے جو دہلی اور اسلام آباد سے جاری ہوئے تھے اور جن میں ایسی باتیں کہی گئی تھیں جن سے خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ کہیں امن کا وہ عمل جو بھارت کے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی نے شروع کیا تھا کہیں دہلی میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد رک نہ جائے۔ دونوں ملکوں کے مابین اس ماہ کی ستائیس اور اٹھائیس تاریخ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہونے والا ہے جس میں کشمیر اور برصغیر میں ایٹمی سلامتی کے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ |