کراچی میں دو افراد گرفتار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں پولیس نے دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو بم دھماکہ کرنے والوں کو دھماکہ خیز مواد فراہم کرتے تھے۔ ان افراد کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ضلع غربی کے علاقے سعیدآباد میں ایک مکان پر چھاپہ مارکر واصف اور گل رحیم نامی دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے اٹھائیس کلو گرام سی فور نامی خطرناک دھماکہ خیز مواد اور ڈیڑھ سو کلو گرام المونیم نائٹریٹ برآمد کیا ہے۔ علاقے کی پولیس کے سربراہ عمران شوکت نے بی بی سی کو بتایا کہ واصف اور گل رحیم مختلف گروہوں کو دھماکہ خیز مواد فراہم کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خریداروں میں حرکت المجاہدین العالمی نامی تنظیم بھی شامل ہے، مگر بعض دوسرے گروہ بھی دھماکے کرنے کے لئے ان سے مواد خریدتے رہے ہیں۔ پولیس نے اس ماہ کے شروع میں سندھ مدرستہ الاسلام میں بم دھماکے کے بعد دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والوں کی تلاش شروع کی تھی جس کے نتیجہ میں ان دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان لوگوں کے پاس سے سی فور نامی دھماکہ خیز مواد ملا ہے جو ’مخصوص‘ مقاصد کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں عمران شوکت نے کہا کہ پولیس یہ تحقیقات کررہی ہے کہ یہ خطرناک مواد پاکستان اور خصوصاً کراچی میں کہاں سے آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واصف اور گل رحیم پہلی بار گرفتار ہوئے ہیں اور ان کا کوئی پولیس ریکارڈ نہیں ہے۔ تاہم ان سے پوچھ گچھ کے بعد پتہ چل سکے گا کہ انہوں نے کس کس گروہ کو دھماکہ خیز مواد فراہم کیا ہے۔ کراچی میں سندھ مدرستہ الاسلام کی مسجد میں دھماکے سے بائیس افراد اس ماہ ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ امریکی قونصل خانے اور ایک ہوٹل کے باہر پاکستان نیوی کی بس پر خود کش حملوں میں کوئی تیس کے قریب لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ شہر میں دھماکوں کی اور بھی بہت سی وارداتیں ہوتی رہی ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||