انتخابی دھاندلیاں: تین رکنی کمیشن | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں حالیہ ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے آج سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ہے اور کمیشن کے سربراہ نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ معاملے کی اہمیت کے پیش نظر تین رکنی تحقیقاتی کمیشن بنایا جائے۔ دوبڑی جماعتوں نے تحقیقاتی کمیشن کا بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ ان انتخابات میں نو افراد ہلاک ہوگئے تھے اور دھاندلیوں کے الزامات لگائے گے ہیں۔ قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشت کے لئے گزشتہ ہفتے ضمنی انتخابات ہوئے تھے جن میں متحدہ قومی موومنٹ، متحدہ مجلس عمل اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت کچھ آزاد امید واروں نے بھی حصہ لیا تھا۔ انتخابات والے دن کئی پولنگ اسٹیشنوں پر ہنگامے ہوئے اور تصادم میں نو افراد ہلاک ہوگئے۔ متحدہ مجلس عمل اور پاکستان پیپلز پارٹی نے دھاندلیوں کے الزامات لگائے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نتائج کا اعلان روک دیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جج جناب جسٹس محمد صادق لغاری پر مشتمل ایک رکنی تحقیقیانی کمیشن قائم کیا گیا جسے پندرہ دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ تحقیقاتی کمیشن نے کل سے سماعت کا آغاز کیا مگر متحدہ مجلس عمل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا اور مطالبہ کیا کہ نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے کیونکہ وہ ان رہنماؤں کے بقول دھاندلی روکنے میں ناکام رہا ہے۔ آج جب تحقیقاتی کمیشن نے سماعت دوبارہ شروع کی تو جناب جسٹس محمد صادق لغاری نے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ کی اہمیت کے پیشن نظر وہ الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیج رہے ہیں کہ تین رکنی تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اخبارات کا مطالعہ کرتے ہیں اور بعض سیاستدانوں کے بیانات ان کی نظر سے گزرے ہیں۔ اسی لئے وہ تین رکنی کمیشن تشکیل دینے کے لئے ریفرنس بھیج رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے چاروں امیدواروں نے کمیشن پر اعتماد کا اظہار کیا۔ جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار عمر جت نے بھی سماعت میں حصہ لیا۔ عدالت کی ہدایت پر سندھ کے سیکریڑی داخلہ انوار حیدر نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹ کمیشن کو پیش کی بعد میں سماعت غیر معینہ مدًت کے لئے ملتوی کردی گئی اور عدالت نے کہا کہ جب تک تنازعہ حل نہ ہوجائے نتائج کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||