’بلدیاتی اداروں کو رقم ادا کی جائے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے چاروں صوبوں کو حکم دیا ہے کہ متعلقہ بلدیاتی اداروں کی سولہ ارب روپے کی روکی ہوئی رقم فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کی جا سکے۔ صدر مشرف نے یہ حکم پیر کے روز ایوان صدر میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور بلدیاتی نظام کے قانون کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے اجلاس میں دیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے ہمراہ قومی تعمیرِنو بیورو کے چیئرمین دانیال عزیز نے بھی بریفنگ دی۔ اس موقعہ پر چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ، چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اجلاس کے بعد قومی تعمیرِنو بیورو کے چیئرمین دانیال عزیز نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ گزشتہ مالیاتی سال کے دوران بھی صوبوں نے بلدیاتی اداروں کی بارہ ارب روپوں کی رقم روکی تھی۔ ان کے مطابق اس مرتبہ صدر مشرف نے بروقت نوٹس لیتے ہوئے روکی گئی رقم جاری کرنے کا حکم دیا ہے جس سے مزید ترقیاتی کام ممکن ہوں گے۔ دانیال عزیز نے مزید کہا کہ چاروں وزراء اعلیٰ کو صدر نے حکم دیا ہے کہ ہر ضلع میں ضلعی محتسب کا ادارہ فوری طور پر قائم کیا جائے تا کہ عوام کی شکایات کا نچلی سطح پر فوری حل ممکن ہو سکے۔ تعمیرِنو بیورو کے چیئرمین کے مطابق صدر نے صوبائی حکومتوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی نظام کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور سیاسی مداخلت نہ کی جائے۔ ایک سوال پر بیورو کے چیئرمین نے بتایا کہ ملک بھر کی چھاؤنیوں اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ابھی تک نہیں ہو سکے ہیں لیکن اجلاس میں منظوری دی گئی ہے کہ رواں سال کے آخر میں جب آئندہ مدت کے لئے نئے سرے سے بلدیاتی انتخابات ہوں گے، اس وقت چھاؤنیوں اور اسلام آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||