وانا: پچاس قبائلیوں کی رہائی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں فوجی حکام نے گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دروان گرفتار کئے گئے پچاس افراد کو رہا کر دیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد کی رہائی حکومت اور قبائلیوں کے مابین سنیچر کے روز ہونے والے سمجھوتے کے نتیجے میں عمل میں آئی ہے۔ یہ پچاس افراد اُن ایک سو ساٹھ افراد میں شامل ہیں جنہیں فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران سو سے زائد افراد ہلاک بھی ہوئے جن میں بڑی تعداد فوجی جوانوں کی بھی تھی۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ پچاس افراد کی رہائی کے باوجود مطلوب غیر ملکیوں کی تلاش میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ رہا ہونے والے پچاس افراد فوجی دستوں کے ساتھ تصادم میں براہ راست ملوث نہیں تھے۔ ترجمان کے مطابق سنیچر کے روز جرگے میں طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں قبائلیوں نے بھاری اسلحہ حکومت کے پاس جمع کرانا شروع کر دیا ہے۔ جنوبی وزیرستان میں فوجی کمانڈر کے پاس جمع کرائے گئے اسلحہ میں طیارہ شکن توپیں، بھاری آرٹلری، زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائیل، مشین گنیں اور مارٹر گولے شامل ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||