 |  حالیہ مہینوں میں دونوں ملکوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ |
پاکستان کے وزیر داخلہ فیصل صالح حیات نے ایک بھارتی اخبار کی اس خبر کی تردید کی ہے کہ را کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پرصدر جنرل پرویز مشرف پر ایک اور قاتلانہ حملہ ناکام بنادیا گیا۔ بھارت کے اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را نے پاکستانی صدرجنرل پرویز مشرف کو قتل کرنے کی ایک سازش کی اطلاع آئی ایس آئی کو دے کر ان کی جان بچانےمیں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اخبار کی رپورٹ میں جس کا عنوان ’مشرف زندہ ہیں، بھارت کا شکریہ‘ ہے، لکھا گیا ہے کہ جنرل مشرف کے قتل کی اس سازش کے بارے میں را نے آئی ایس آئی کو اہم معلومات فروری کے مہینے کے آغاز میں فراہم کی تھیں۔ تاہم فیصل صالح حیات نے اس خبر کو ایک قیاس آرائی قرار دیا ہے۔  | جنوری میں واجپائی کا مشرف کو فون  آپ اپنی حفاظت کرئیےگا۔  ٹائمز آف انڈیا |
اخبار کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کو یہ معلومات جنرل مشرف کے خلاف سرگرم گروپوں کی آپس میں ہونے والی بات چیت سے حاصل ہوئی تھی جو را کو اپنے طور پر ملی تھیں۔ یہ معلومات را کے سربراہ سی ڈی ساہے نے آئی ایس آئی میں اپنے ہم منصب احسان الحق کو راہم کیں جس کی مدد سے اخبار کے مطابق آئی ایس آئی جنرل مشرف پر ہونے والے ممکنہ حملے کو روکنے میں کامیاب رہی تاہم پاکستانی وزیر داخلہ نے آی ایس آئی اور را کے درمیان کسی طرح کے اشتراک کے امکان کو رد کیا ہے۔ اخبار کے مطابق جنوری میں اسلام آباد میں سارک کے سربراہ اجلاس کے بعد جب بھارتی وزیر اعظم واپس جا رہے تھے تو انہوں نے جنرل مشرف کو فون کر کے کہا تھا کہ ’ آپ اپنی حفاظت کرئیےگا۔‘ جنرل مشرف پر پچھلے سال دسمبر میں دو قاتلانہ حملے ہوئے تھے۔ بھارت روایتی طور پر آئی ایس آئی کو انیس سو نواسی میں کشمیر میں اٹھنے والی شورش کو بھڑکانے کا ذمہ دار ٹہراتا ہے جبکہ آئی ایس آئی بھارتی ایجینسی را پر اسی طرح کے الزامات لگاتی آئی ہے۔ |