’اصلاحات سے قبل فاٹا میں پائیدار امن کا قیام ترجیح‘

- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے سرحدی اور ریاستی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں کی صوبہ خیبر پختونخوا میں انضمام سے پہلے کچھ خاص مقاصد حاصل کیے جائیں گے جن میں ان علاقوں میں پائیدار امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایک تحریری جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ان علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد اس سال کے آخر تک اپنے گھروں میں واپس چلے جائیں گے اور وہاں پر ترقیاتی منصوبوں کے لیے کروڑوں روپے کی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران وہاں پر عدالتی اصلاحات بھی لائی جائیں گی اور جب تک عدالتی اصلاحات پر مکمل طور پر عمل درآمد شروع نہیں ہو جاتا اس وقت تک ان علاقوں میں رائج جرگہ سسٹم کو ختم نہیں کیا جائے گا۔
عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ سنہ 2017 کے آخر تک ان علاقوں میں بلدیاتی اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
اُنھوں نے کہا کہ لیویز کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے تاکہ ان علاقوں میں فوج کے انخلا کے بعد امن و امان کی صورت کو کنٹرول کر سکیں۔

،تصویر کا ذریعہISPR
قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات سے متعلق رپورٹ 95 فیصد حقائق پر مبنی ہے اور وہاں کے لوگ خیبر پختونخوا میں ضم ہونا چاہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُنھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں کے لوگ بغیر کسی ریفرینڈم کے پاکستان کے ساتھ شامل ہوئے تھے لیکن اُنھیں بنیادی حقوق تک فراہم نہیں کیے گئے۔
شہاب الدین نے 1973 کے آئین کو ان علاقوں کے افراد کے ساتھ ہونے والے مظالم کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا۔
اُنھوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے منظور ہونے پر شادیانے بجائے گئے لیکن اس دوران بھی فاٹا کے عوام کو نطر انداز کیا گیا۔
شہاب الدین کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں بلدیاتی نظام متعارف کروانے سے پہلے ان علاقوں کے لوگوں کو الیکٹورل کالج میں تو شامل کیا جائے۔







