بلوچستان: کوئٹہ میں انڈیا کے خلاف مظاہرے

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے بلوچستان کے بارے میں بیان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔
کوئٹہ شہر میں مظاہرہ منان چوک پر ہوا جس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
اس مظاہرے میں پاکستان ورکرز پارٹی(ن)، پاک سرزمین پارٹی اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ مذہبی تنظیموں اور انجمن تاجران بلوچستان کے بعض عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے نریندر مودی کے بیان کی مذمت کی۔
اس مظاہرے کے علاوہ نریندر مودی کے بیان کے خلاف حکومت اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ڈیووٹ کے زیراہتمام لا کالج کوئٹہ میں بھی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان پر بلوچستان کی عوام سراپا احتجاج ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باہر بیٹھے نام نہاد قوم پرست بلوچستان کو ہندوستان کی غلامی میں لے جانا چاہتے ہیں لیکن بلوچستان کے لوگ کبھی بھی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پر بھارتی وزیراعظم کے بیان اور براہمداغ بگٹی کی جانب سے اس بیان کی تائید نے ثابت کردیا ہے کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں کے لیے بعض عناصر کو استعمال کر رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







