کوئٹہ دھماکہ: سکیورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی

،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بم کے ایک دھماکے میں تین سیکورٹی اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکہ بدھ کی شب شہر کے اسپنی روڈ پر اس وقت ہوا جب اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے زائرین کا ایک قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کوئٹہ چوہدری منظور سرور نے جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے اسپنی روڈ پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ خیز مواد کو اس وقت اڑایا گیا جب تین بسوں پر مشتمل اہل تشیع سے تعلق رکھنے والے زائرین کا ایک قافلہ وہاں سے گزرہا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں زائرین کی گاڑیاں محفوظ رہیں تاہم ان کی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کی گاڑی اس کی زد میں آگئی۔

،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے باعث تین سیکورٹی اہلکاروں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں فرنٹیئر کور کے دو اور پولیس کا ایک اہلکار شامل ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ زائرین کا تعلق سکھر سے تھا جن میں سے صرف ایک خاتون صدمے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا جس کے لیے ڈھائی سے تین کلو مواد استعمال کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے کوئٹہ شہر میں بم دھماکوں اور بد امنی کے دیگر واقعات پیش آرہے ہیں تاہم سرکاری حکام کا دعویٰ ہے کہ پہلے کے مقابلے میں حالات میں بہتری آئی ہے۔
گذشتہ روز امن و امان سے متعلق بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ایک بحث سمیٹتے ہوئے وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے کہا تھا کہ کوئٹہ میں پہلے کے مقابلے میں امن و امان کی صورتحال میں 95 فیصد بہتری آئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہKHAIR MUHAMMAD







