کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک وکیل قتل

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک وکیل کو قتل کر دیا گیا ہے۔
وکیل کو ہلاک کرنے کا واقعہ کوئٹہ شہر میں فیصل ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا۔
بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے جہانزیب علوی کے قتل کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ بلوچستان ایسوسی ایشن نے ان کے قتل کے خلاف بدھ کو عدالتوں کے بائیکاٹ کی کال دی ہے۔
بروری روڈ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جس وقت واقعہ پیش آیا جہانزیب علوی ایڈووکیٹ عدالت سے فارغ ہونے کے بعد فیصل ٹاؤن میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ بروری روڈ سے فیصل ٹاؤن کی جانب موڑتے ہوئے وہ گاڑی کے ٹائروں میں ہوا بھروانے کے لیے رکے۔
پولیس اہلکار کے مطابق وہاں دو مسلح افراد آئے اور وکیل پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو بعد میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اسٹیشن کے اہلکار کے مطابق وکیل کے رشتہ داروں نے ان کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اہلکار نے بتایا کہ مقتول کے رشتہ داروں نے درخواست میں بعض لوگوں کو نامزد کیا ہے پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا کہ وکیل کے قتل کا واقعہ خاندانی تنازع کے باعث پیش آیا ہے۔







