کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز پھر نشانے پر، چار اہلکار ہلاک

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں فرنٹیئر کور کے چار اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر حملے کا واقعہ کوئٹہ شہر کے ڈبل روڈ کے علاقے میں پیش آیا۔
ایف سی کے ذرائع نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے اہلکار اس علاقے میں ایک گاڑی مرمت کرنے کے لیے لے گئے تھے کہ واپسی پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی۔
حملے کے نتیجے میں چار ایف سی اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوا۔
حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
کوئٹہ شہر میں 24گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر یہ تیسرا حملہ ہے۔

گذشتہ روز منگل کی شام کے وقتسریاب میں اس طرح کے دو حملوں میں پولیس کے چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
کوئٹہ شہر میں رواں سال کے دوران ایف سی اہلکاروں پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل فروری کے مہینے میں ضلع کچہری کے سامنے ہونے والے ایک خودکش حملے میں ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت دس افراد ہلاک ہوئے تھے۔
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے بعض دیگر علاقوں کی طرح کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی کمی و بیشی کے ساتھ سکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں کوئٹہ سمیت بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔







