آواران میں فائرنگ، استاد اور محکمہ تعلیم کا افسر ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک ریٹائرڈ ٹیچر اورمحکمہ تعلیم کا ایک افسر ہلاک ہوگئے۔
ریٹائرڈ ٹیچر کی ہلاکت کا واقعہ ضلع کے علاقے مشکے میں بدھ کے روز صبح کے وقت پیش آیا۔
آواران میں انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد ایک گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص ایک ریٹائرڈ ٹیچر تھا جن کی شناخت رحمت اللہ کے نام سے ہوئی۔
اس واقعے سے دس گھنٹے قبل نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے نوکجو میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد سلیم شاہوانی کے گھر میں داخل ہوکر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد سلیم شاہوانی ہلاک ہوئے۔
دونوں واقعات کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں لیکن تاحال ان واقعات کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔
ضلع آواران کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے زیادہ متاثر ہیں۔ اس ضلع میں طویل عرصے سے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔
آواران میں جہاں سکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے وہاں اس ضلع کے مختلف علاقوں میں کمی و بیشی کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ اور بد امنی کے دیگر واقعات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم سرکاری حکام کا یہ کہنا ہے کہ آواران سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اب صورتحال میں بہتری آئی ہے۔







