بلوچستان میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کےرہنما ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے ایک رہنما سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔

نیشنل پارٹی کے رہنما سردار غلام حسین پر حملے کا واقعہ ضلع مستونگ کے علاقے کردگاپ میں پیش آیا۔

کردگاپ میں انتظامیہ ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں سردار غلام حسین سمیت دو افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوا جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کراچی سے فون پر اس واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان جان محمد بلیدی کا کہنا تھا کہ سردار غلام حیسن کے پاس ایک زیرِ تعمیر سکول کا ٹھیکہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار غلام حیسن زیر تعمیر سکول کام دیکھنے گئے تھے جہاں مسلح افراد نے ان کو نشانہ بنایا۔

سردار غلام حسین کا شمار نہ صرف پارٹی کے اہم رہنماؤں میں ہوتا تھا بلکہ ان کا تعلق بلوچ قبیلہ سرپرہ کے سردار خاندان سے تھا۔

وہ مستونگ کے ضلعی کونسل کے چیئر مین بھی رہے تھے۔

ادھر بلوچستان کے وزیر اعلٰی نواب ثنا اللہ زہر ی نے ایک بیان میں اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔