سکیورٹی خدشات، پنجاب میں انسداد پولیو مہم مؤخر

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں محکمۂ صحت نے صوبہ کے 15 اضلاع میں 25 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم دوسری بار ایک ہفتے کے لیے مؤخر کردی۔
کراچی میں دو روز قبل پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور سات پولیس اہلکاروں کی ہلاکت مہم موخر کرنے کی بظاہر وجہ بنی ہے۔
لاہور سے صحافی عبدالناصر کے مطابق ڈائریکٹریٹ آف ہیلتھ پنجاب کے پرونشل ایمرجنسی آپریشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق پولیو سے بچاؤ کی مہم 16 اپریل سے 18 اپریل تک پنجاب کے 15 اضلاع میں شروع کی جانا تھی لیکن اسے موخر کردیا گیا تھا، اس کے بعد 25 سے 27 اپریل کی تاریخ دی گئی تھی اور اب یہ مہم دو مئی سے شروع کی جائے گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پولیو مہم لاہور، اوکاڑہ، راولپنڈی، حافظ آباد، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، کے علاوہ جنوبی اضلاع بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور، ملتان، لودھراں، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں شروع کی جانا تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پنجاب میں پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرنے والے ایک بین الاقوامی ادارے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پولیو مہم سیکیورٹی وجوہات کی باعث ملتوی کی گئی ہے۔ پولیس اس ایک ہفتے میں پولیو ٹیموں کی سکیورٹی انتظامات کا از سر نو جائزہ لے گی۔
مذکورہ اہلکار نے بتایا کہ کراچی میں پولیو ٹیموں کی حفاظت پر مامور سات پولیس اہل کاروں کی ہلاکت کے بعد پولیو ورکر خوف کا شکار تھے جبکہ پولیس بھی سیکورٹی کا از سر نوُجائزہ لینا چاہتی تھی تاکہ جہاں ضروری ہو وہاں زیادہ موثر انتظامات کئے جا سکیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں نامعلوم حملہ آوروں نے بدھ کے روز پولیو ٹیموں کی سکیورٹی پر تعینات سات پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔



