کوئٹہ میں پولیو کے ایک نئے مریض کی تصدیق

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو کے ایک نئے مریض کی تصدیق ہوئی ہے جو صوبے میں رواں برس سامنے آنے والا پہلا مریض ہے۔
صوبائی محکمۂ صحت کے ذرائع نے اس نئے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو سے متاثر ہونے والا بچہ اکرام احمد ڈھائی برس کا ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثر ہونے والا بچہ سمنگلی روڈ کا رہائشی ہے۔
محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران یہ بلوچستان میں تصدیق ہونے والے پولیو کا پہلا جبکہ پاکستان میں تیسرا کیس ہے۔
گذشتہ سال کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مجموعی طور پر پولیو کے چھ نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان میں گذشتہ ہفتے ہی 83 ’ہائی رسک اضلاع‘ میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم منعقد ہوئی تھی۔
کسی بھی علاقے کو پولیو کے لیے ہائی رسک قرار دیے جانے کا مطلب ہے کہ پہلے بھی وہاں پولیو کے کیس سامنے آ چکے ہیں یا وہاں آبادی تیزی سے آتی جاتی رہتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ ایسے علاقے جہاں والدین اپنے بچوں کوویکسین پلانے سے انکاری ہوں یا بچے گھر پر موجود نہ ہوں ایسے علاقوں کو بھی ہائی رسک قرار دیا جاتا ہے۔
اس مہم کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اُن 15اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے جن میں اس بیماری کی موجودگی کا خدشہ موجود ہے۔
پاکستان کی حکومت نے پولیو کو قومی ایمرجنسی قرار دیا ہے حکومت کی جانب سے چاروں صوبوں میں ایسے ایمرجنسی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جو انسداد پولیو کے لیے کام کر رہے ہیں۔







