’کسی کو ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کسی کو بھی ملک کی ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دے گی۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق بدھ کی رات لندن پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہوئے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چیک اپ کے لیے لندن آئے ہیں۔

پاناما پیپرز کے حوالے سے سیاسی مخالفین کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا: ’معلوم نہیں ہم پر کیا کیا الزامات لگائے گئے ہیں، تاہم ہم خندہ پیشانی سے سب برداشت کر رہے ہیں۔‘

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ انھوں نے حکومت کا نقطۂ نظر اچھی طرح بیان کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو بھی ملکی ترقی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے عمران خان کی جانب سے سنہ 2014 کے دھرنے کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ اب بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انھوں نے عمران خان کی سیاست پر طنز کرتے ہوئے کہا: ’ایک صاحب کسی صورت میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، غیرسنجیدہ سیاست کرنے والوں کو جلد سمجھ آجائے گی۔‘

ان کا کہنا تھا: ’عمران خان اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بچگانہ سیاست سے پاکستان کی ترقی روکنے کی کوشش نہ کی جائے۔‘

پیپلز پارٹی کے دور اقتدار کے حوالے سے نواز شریف نے کہا: ’ہم نے کبھی بھی آصف زرداری کی حکومت گرانے کی کوشش نہیں کی۔‘

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’ان سے ہمارا اچھا تعلق رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے عمران خان کے دھرنے کا حصہ نہ بننے کے فیصلے کی قدر کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز پنجاب ہاؤس میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ حکومت نے پاناما پیپرز کے معاملے پر سپریم کورٹ کے پانچ ریٹائرڈ ججوں سے رابطہ کیا تھا لیکن حزب مخالف کی طرف سے اس معاملے پر ملک بھر میں ایسا ماحول پیدا کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عدالت عظمیٰ کے ان ریٹائرڈ ججوں نے عدالتی کمیشن کی سربراہی کرنے سے معذرت کر لی۔