خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 96 ہوگئی

،تصویر کا ذریعہAP

    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں حالیہ ہونے والی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 96 افراد ہلاک اور 69 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک 38 مرد، 18 خواتین اور 40 بچوں سمیت 96 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 30 مرد، 20 خواتین اور 19 بچوں سمیت اب تک 69 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے مطابق خیبر پختونخوا میں مجموعی طور ہر 949 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ 236 مکانات مکمل جبکہ 713 مکانات جزی طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو تین، تین لاکھ روپے اور زخمی افراد کو ایک، ایک لاکھ روپے دیے جا رہے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق مکمل تباہ شدہ مکانات کے مالکان کو ایک لاکھ اور جزوی طور پر متاثر ہونے والے مکان مالکان کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔