’ملک دشمن ایجنسیاں اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں‘

،تصویر کا ذریعہISPR
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمن ایجنسیاں پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں اور انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ملوث ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبئہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اس سال چین سے گوادر بندرگاہ اور دیگر ممالک کے لیے کارگو سروس کا آغاز ہو گا۔
بری فوج کے سربراہ نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کی حفاظت قومی فریضہ ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ضرب عضب نہ صرف دہشت گردی کے خلاف آپریشن ہے بلکہ یہ انتہاپسندی اور بد عنوانی کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کی جامع سوچ بھی ہے۔
جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فوج کے انجینیئروں نے بلوچستان میں کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس سال کے آخر تک 875 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائے گا۔
فوج کے سربراہ نے کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے کسی بھی حصے میں بد امنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



