’را پاکستان میں دہشت گردی کو شہ دے رہی ہے‘

ملک میں اس وقت شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد تقریباً 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنملک میں اس وقت شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد تقریباً 20 لاکھ تک پہنچ گئی ہے

پاکستانی فوج کے مطابق کور کمانڈرز کے اجلاس میں بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ کی جانب سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات کو مبینہ طور پر شہ دینے کا سختی سے نوٹس لیا گیا ہے۔

کور کمانڈز کانفرنس منگل کو جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی صدارت میں منعقد ہوئی۔

کانفرنس کے بعد فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں ملک کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی کے واقعات میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

گذشتہ دنوں آرمی چیف راحیل شریف نے کور کمانڈر کراچی سے بھی ملاقات کی تھی جس میں شہر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں خفیہ ہاتھ ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا ہے اور انھوں نے شہری علاقوں میں بھی جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

فوج کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سینکڑوں پاکستانیوں نے اپنی جان گنوائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف سرگرم ہیں اور اُن کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کے لیے سیاسی وابستگی سے قطع نظر تمام دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ فوج ہر قیمت پر عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔