پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ریٹائرڈ فوجی افسر ہلاک

پشاور میں ڈیڑھ ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں فوجی افسر کو ہلاک کیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپشاور میں ڈیڑھ ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں فوجی افسر کو ہلاک کیا گیا ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

منگل کو یہ واقعہ پشاور کے رہائشی علاقے حیات آباد کے فیز سیون میں پیش آیا ہے۔

حیات آباد میں تاتارہ پولیس سٹیشن کے اہلکار نے بتایا کہ پاکستان فوج کے سابق افسر عبداللطیف خان حیات آباد میں بھائی کے گھر آئے ہوئے تھے۔

پولیس اہلکاروں نے کہا کہ رات آٹھ بجے کے قریب موٹر سائکل پر سوار نا معلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئے ۔ پولیس کے مطابق حملہ آور پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے اور حملے کے بعد فرار ہو گئے۔

بعض اطلاعات کے مطابق عبداللطیف خان ان دنوں ایک نجی یونیورسٹی میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ ان کی عمر اکسٹھ برس بتائی گئی ہے۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ ان کے خاندان کے افراد کے مطابق اُن کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔

پشاور میں ڈیڑھ ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں فوجی افسر کو ہلاک کیا گیا ہے ۔

رواں ماہ کی 11 تاریخ کو نا معلوم افراد نے فوجی افسر کو حیات آباد کے قریب خوشحال روڈ پر جمعہ نماز کے بعد مسجد کے باہر فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔

لیفٹیننٹ کرنل طارق غفور کا تعلق کوہاٹ سے تھا اور ان دنوں وہ پشاور یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔

گذشتہ برس مارچ میں ایک فوجی افسر کو حیات آباد میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ لیفٹیننٹ کرنل طاہر عظیم کو بھی اس وقت فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ عصر کی نماز ادا کرنے کے بعد واپس گھر جا رہے تھے۔