پشاور میں فائرنگ سے فوجی افسر ہلاک

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنواقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پاکستانی فوج کے افسر کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی دوپہر حیات آباد کے علاقے میں خوشحال روڈ پر پیش آیا ہے۔

تھانہ سربند کے ایس ایچ او نے بی بی سی کو بتایا کہ لیفٹیننٹ کرنل طارق غفور نمازِ جمعہ کے بعد مقامی مسجد کے قریب موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی۔

پولیس اہلکار کے مطابق اس کارروائی کے دوران کرنل طارق کے سر پر گولی لگی جس سے وہ ہلاک ہوگئے۔

حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسران جائے وقوع پر پہنچے اور سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

مقتول کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی نے ایک پیغام میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے اس واقعے کے بارے میں جاری کیے گئے مختصر بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل طارق پشاور میں ہی تعینات تھے اور ایک سرکاری یونیورسٹی میں تعلیمی عمل جاری رکھے ہوئے تھے۔