مردان میں’پولیس مقابلہ‘، اہلکار سمیت دو ہلاک

پشاور میں پولیس اہلکاروں اور افسران پر حملوں کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی ہے
،تصویر کا کیپشنپشاور میں پولیس اہلکاروں اور افسران پر حملوں کے واقعات میں تیزی دیکھی گئی ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو تھانہ لنڈخور کی حدود میں پیش آیا۔

مقامی پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک مفرور ملزم کے بارے میں اطلاع ملنے پر جب چھاپہ مارا گیا تو ان پر فائرنگ کی گئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے سلطان نامی اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ سے ملزم بھی مارا گیا۔

خیال رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہی پشاور میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے ایک اہلکار کو گولی ماری گئی جبکہ گذشتہ ماہ کی 22 تاریخ کو بھی پشاور کے علاقے رشید گڑھی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔