’بلوچستان کو وسط ایشیائی ریاستوں سے بھی ملایا جائےگا‘

،تصویر کا ذریعہISPR
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلوچستان کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور حکومت کی مدد کر نے کے لیے فوج نے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلوچستان کے مکران ڈویژن میں گوادر ہوشاب تربت شاہراہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جس شاہراہ کا افتتاح کیا گیا اس کی لمبائی 193 کلومیٹر ہے جس پر 19 ارب روپے کا خرچہ آیا ہے۔
اس شاہراہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیےگئے تھے۔
اس منصوبے پر کام کا آغاز سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ ) پرویز مشرف کے دور میں ہوا تھا ۔
میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ فوج کے سربراہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنھوں نے اس منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پہلی مرتبہ یہاں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہاہے۔ اس سے قبل کسی نے اتنے بڑے منصوبے کا سوچا نہیں ہوگا لیکن آج بڑے منصوبوں پرعملدرآمد بھی ہو رہا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ یہاں صرف سڑکیں نہیں بچھائی جارہی ہیں بلکہ بلوچستان کو وسط ایشیائی ریاستوں سے بھی ملایا جائےگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے بتایا کہ وسط ایشیا کے ممالک کے رہنماؤں سے ان کی بات ہوئی ہے اور وہ گوادر کے راستے تجارت کے خواہشمند ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کا مستقبل اسی خطے سے وابستہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ صرف نعروں سے کام نہیں چلتا بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اور وژن کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان 2018 تک اپنی بجلی کی کمی پوری کرلے گا۔
تربت ہوشاپ شاہراہ کے افتتاح کے بعد وزیراعظم میاں نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس منصوبہ کا بذریعہ گاڑی معائنہ بھی کیا ۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خود گاڑی چلائی جبکہ وزیراعظم میاں نوازشریف ان کے ساتھ اگلی سیٹ پر بیٹھے تھے۔







