’چارسدہ جا کر دیکھوں گا غلطیاں کہاں ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ امریکہ اور بھارت کی جانب سے چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ وہ صورت حال کا جائزہ لیے خود چارسدہ جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک غیر ملکی دورے پر سکاٹ لینڈ گئے ہوئے ہیں تاہم انھیں فوری طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
عمران خان نے کہا کہ وہ دیکھیں گے ہماری کیا غلطیاں ہیں انھیں کیسے ٹھیک کیا جا سکتا ہے۔
قومی وطن پارٹی کے رہنما آفتاب شیرپاؤ نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’طلبہ سافٹ ٹارگٹ ہیں، ان پر حملے سے زیادہ دہشت پھیلتی ہے، اور دہشت گرد یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپریشن ضربِ عضب کے بعد بھی ان میں اب بھی صلاحیت ہے کہ وہ دہشت پھیلا سکتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
وزیرِ اطلاعات پرویز رشید نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس کے نوجوان اور سکیورٹی اہلکار بروقت کارروائی نہ کرتے تو نقصان شاید بہت زیادہ بھی ہو سکتا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے مجھے، بلیغ الرحمٰن اور عبدالقادر بلوچ کو فوراً چارسدہ روانہ ہونے کا حکم دیا ہے کہا ہے کہ حملے کی تمام صورتِ حال ایوان کے سامنے پیش کریں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسفند یار ولی خان نے ایک نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات کرتے ہوئے باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے تناظر میں اپنی جماعت کی جانب سے دس دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’اگر اب بھی ہم اگر سوئے رہے تو بہت دیر ہو جائے گی اور اس سے بھی بڑے بڑے حملوں کا خدشہ ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ ’میں پاکستان میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت۔ زخمی ہونے والوں کی لیے دعائیں۔‘
امریکہ نے بھی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ ’امریکہ چارسدہ میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہماری ہمدردیاں حملے کا نشانہ بننے والوں اور ان کی خاندانوں کے ساتھ ہیں۔‘







