بلوچستان میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ جمعے کو شہر کے ملتانی محلہ کے علاقے میں پیش آیا۔
گوالمنڈی پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ ملتانی محلہ کے علاقے میں دو پولیس اہلکار ایک مسجد اور بیکری کے قریب سکیورٹی پر تعینات تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس اہلکار کے مطابق حملے کے نتیجے میں دونوں پولیس اہلکار ہلاک جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اہلکار نے ابتدائی تفتیش کے حوالے سے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ واقعہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ رواں ہفتے کے دوران کوئٹہ شہر میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سریاب روڈ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں گذشتہ سال پولیس اہلکاروں پر حملوں کے 32 مختلف واقعات پیش آئے۔ ان حملوں میں 36 پولیس اہلکار ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔
کوئٹہ کے علاقے کچلاک سے متصل ضلع پشین کے علاقے پوٹی ناصران میں گذشتہ روز ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
پشین میں لیویز فورس کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت محمد عالم کے نام سے ہوئی ہے جن پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا تھا۔
بعض اطلاعات کے مطابق محمد عالم طالبان کا کمانڈر تھا لیکن لیویز فورس کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق محمد عالم سابق جنگجو رہا ہے۔







