پاکستان میں پولیس فورس شدت پسندوں کے نشانے پر، چھ ہلاک

،تصویر کا ذریعہbbc
پاکستان کے مختلف علاقوں میں پولیس فورس پر شدت پسندوں کے حملوں میں اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے اور جمعرات کو پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے حملوں میں کم از کم چھ اہلکار ہلاک اور ڈپٹی کمانڈنٹ سمیت چھ ہی زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ہلاک ہونے والوں میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔
<link type="page"><caption> دوسری جانب صوبے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس موبائل پر ہونے والے خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزرو پولیس ملک طارق سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2015/06/150611_peshawar_blast_hk" platform="highweb"/></link>
دو دن پہلے ہی سندھ کے دارالحکومت کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں سائٹ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس عبدالمجید عباسی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ شہر میں حکام کے مطابق رواں برس اب تک ڈی ایس پی عبدالمجید سمیت 49 پولیس افسران اور اہلکاروں کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا ہے۔
نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق کوئٹہ میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں سی سی پی او کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا کو بتایا کہ پولیس کے چار اہلکار پشتون آباد کے علاقے میں معمول کےگشت پر تھے کہ اس دورن انھوں نے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو مشکوک جان کر ان کا پیچھا کیا۔
انھوں نے بتایا کہ کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل سواروں کے دو اور مسلح ساتھی بھی موجود تھے جنھوں نے پیچھا کرنے والے پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے اہلکار زخمی ہو گئے۔
عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ زخمی حالت میں بھی ایک پولیس اہلکار نے حملہ آوروں کو مارنے کی کوشش کی۔
سی سی پی کے مطابق ان اہلکاروں میں سے تین شدید زخمی ہونے کے باعث جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چوتھے اہلکار نے ہسپتال پہنچنے سے پہلے راستے میں دم توڑ دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واقعے کے بعد پولیس اور قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران پشتون آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل چھ جون کو پشتون آباد کے ملاسلام چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھی ایک سب انسپکٹر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
چھ جون کو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے تھے، جس کے بعد شہر میں ایک مرتبہ پھر ایک ہفتے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ مردوں کے نقاب اوڑھنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
پشاور میں فرنٹیئر ریزرو پولیس
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس موبائل پر ہونے والے خودکش حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزرو پولیس ملک طارق سمیت چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
پشاور کے علاقے حیات آباد تھانے کے ایس ایچ او نے بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ صبح نو بجے موٹر سائیکل پر سوار خود کش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
انھوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق اور دیگر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں دو کانسٹیبل ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں صوبہ خیبر پختونخوا کے علاوہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔







