صنعتی بجلی کے نرخوں میں کمی، آپریشن سے اچھی امید

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے وزیر اعظم میاں نواز شریف نے بجلی کے صنعتی نرخوں میں فی یونٹ تین روپے کمی کا اعلان کیا ہے اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ قریب ہے۔
پیر کو کراچی میں تاجروں میں ایوارڈز کی تقسیم کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ سنہ 2018 کے مالی سال میں دس ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں لے کر آئیں گے جس کے بعد لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائےگا۔
’صنعت کار پہلے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی شکایت کرتے تھے، اب وہ اس کو سستا کرنے کا کہہ رہے ہیں، وہ اس اس کے حق میں ہیں کیونکہ بجلی سستی ہوگی تو لاگت میں کمی آئےگی، مزید صنعتیں لگیں گی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہو گا۔‘
وزیر اعظم نے ملک بھر میں ہر طرح کی صنعتوں کے لیے یکم جنوری سے بجلی کے نرخوں میں تین روپے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان کیا۔
کراچی کے دورے کے دوران میاں نواز شریف نے پورٹ قاسم پر بجلی کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔ یہ منصوبہ کوئلے کی مدد سے چلایا جائےگا۔
میاں نواز شریف نے بتایا کہ انھوں نے چین کی ایک کمپنی سے کہا ہے کہ وہ اس منصوبے کو سنہ 2017 تک مکمل کرے اور کمپنی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی پوری کوشش کریں گے۔
میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا چاہتے ہیں، اور انھیں اس میں کامیابی حاصل ہو رہی ہے ۔’آج سے تین سال پہلے کا پاکستان دیکھیں، چھ سال پہلے اور آج کا کراچی دیکھیں۔ اس پر ہم سب کی بھرپور توجہ ہے اور یہ توجہ جاری و ساری رہےگی۔‘
میاں نواز شریف نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور چیف سکریٹری کو آپریشن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر اعظم میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’اس کام میں ہم نے ہاتھ ڈالا، یہ آپریشن تمام سیاسی جماعتوں اور صنعت کاروں، صحافیوں اور دیگر کی مشاورت اور منظوری سے شروع کیا گیا اور یہ مشکل آپریشن تھا لیکن نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔‘
میاں نواز شریف نے اس امید کا اظہار کیا کہ وقت آئے گا جب اس آپریشن کے اثرات پاکستان کے بزنس، زراعت، معیشت، درآمدت اور برآمدت اور بیروزگاری پر نظر آئیں گے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر محمد ادریس کی تقریر پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ ’ہم پانچ سال کے لیے آتے ہیں اور ہمیں خود سمجھ میں نہیں آتا اور وقت گزر جاتا ہے، لیکن اب تھوڑی تھوڑی سمجھ آنا شروع ہوگئی ہے۔‘







