ملاقات ختم، مودی دہلی روانہ ہو گئے

،تصویر کا ذریعہMEAIndia
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی جاتی امرا میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس بھارت روانہ ہو گئے ہیں۔ دونوں وزرائے اعظم نے تعلقات کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سرکاری ٹی وی نے دفترِ خارجہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم نے لاہور میں ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ روابط بڑھانے، تعلقات کی بہتری اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ امن کا مقصد پاک بھارت عوام کی خوشحالی ہے۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے تعلقات کی بہتری کے لیے باہمی کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
قبل ازیں نریندر مودی کے لاہور پہنچنے پر ہوائی اڈے پر وزیر اعظم نواز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ نواز شریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کابل سے افغانستان کے دورے کے دوران ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ دہلی واپس جاتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے ملنے کے لیے لاہور رکنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے اپنے ’آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ‘ میں کہا ہے کہ ’میں آج (جمعہ) کی سہ پہر کو لاہور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کروں گا، جہاں میں دہلی واپس جاتے ہوئے رکوں گا۔‘

جمعہ کی صبح اسلام آباد میں بی بی سی اردو کی نامہ نگار حمیرا کنول کے وزیراعظم کے دفتر سے رابطہ کرنے پر ان کے پریس سیکرٹریری محی الدین الدین وانی نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا طیارہ دوپہر کو لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترے گا اور وزیراعظم نواز شریف ان کا استقبال کریں گے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس آمد کی وجہ اور ملاقات کا ایجنڈا کیا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے آج وزیراعظم کو سالگرہ کی مبارکباد ینے کے لیے ٹیلی فون کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا کہنا تھا کہ ’طیارے کی ری فیلونگ کے لیے نہیں آرہے کیونکہ جس طیارے میں وہ سفر کرتے ہیں وہ طیارہ کابل سے نیویارک جا سکتا ہے۔‘
پاکستان کےدفترِ خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے بی بی سی سے گفتگو میں بتایا کہ آج انھیں بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ’ وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے کے لیے لاہور پہنچیں گے۔‘
جب ان سے بھارتی وزیراعظم کے دورے کے ایجنڈے اور قیام کے دورانیے کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی تو ان کا جواب تھا کہ اس بارے میں کچھ ہی دیر میں میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہtweet
بھارت کے وزیر اعظم افغانستان کے ایک روزہ دورے پر کابل گئے تھے جہاں انھوں نے افغانستان کی پارلیمان کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ یہ عمارت بھارت کی طرف سے افغانستان کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے جو کئی سو ملین ڈالر کی مالی معاونت سے بھارت کے انجینئروں نے بنائی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی خبر کا خیر مقدم کیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے ڈان نیوز سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے دورہ بھارت کے دوران وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔







