محبتوں کے شہر پیرس میں نواز مودی ملاقات
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں پر عالمی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔
پیرس کانفرنس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان رسمی ملاقات طے نہیں تھی تاہم اس مختصر ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے مثبت قرار دیا جا سکتا ہے کیونکہ اس سے پہلے دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے بھی گریز کیا تھا۔
پیر کو پیرس میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم مودی نے نہ صرف مسکراتے ہوئے ہاتھ ملائے بلکہ ریڈیو پاکستان پر جاری کی گئی ویڈیو میں دونوں رہنما ہال میں موجود صوفوں پر ایک دوسرے سے بات کر رہے ہیں۔
بظاہر موبائل فون سے بنائے گئے 30 سیکنڈ کے ویڈیو کلپ میں نریندر مودی نواز شریف سے کوئی بات کر رہے ہیں اور ان کی بات سننے کے بعد نواز شریف اس کا جواب دے رہے ہیں کہ مودی ان کو دوبارہ کچھ کہتے ہیں اور اس پر یہ کلپ ختم ہو جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
وزیراعظم نواز شریف کی اپنے بھارتی ہم منصب سے آخری رسمی ملاقات رواں برس جولائی میں روسی شہر اوفا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقعے پر ہوئی تھی۔
اس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک بار پھر بہتر کرنے کا عہد کرتے ہوئے دہلی میں دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم سرحدوں پر کشیدگی اور بھارتی پنجاب میں شدت پسندی کے حملے کی وجہ سے یہ ملاقات تاخیر کا شکار ہوتی رہی اور آخر میں پاکستانی مشیر کی کشمیری قیادت سے ملاقات پر پیدا ہونے والے تنازع کی وجہ سے ملاقات ہی منسوخ کر دی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا موقع ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تھا تاہم وہاں صرف دور سے مسکرا کر ہاتھ ہلانے سے بات آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔
اب اس ملاقات کو اس وجہ سے مثبت قرار دیا جا سکتا ہے کہ اس کی وجہ سے شاید مستقبل میں دونوں ممالک کے اہلکاروں یا سیاسی قیادت کی کوئی باضابطہ ملاقات پر اتفاق ہو جائے۔







