پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں:اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کی حکومت قومی ایئر لائن کی نجکاری کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی ہے۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اتوار کو وزیرِ خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت در حقیقت قومی ایئر لائن کے لیے ایک ’اسٹراٹیجک شراکت دار‘ ڈھونڈ رہی ہے۔
<link type="page"><caption> پی آئی اے کو کارپوریشن لمیٹڈ بنانے کا آرڈیننس جاری</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2015/12/151206_pia_now_company_sr" platform="highweb"/></link>
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ معتبر اور معروف بین الاقوامی اسٹریٹجک شراکت داروں کو مدعو کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیرِ خزانہ کے مطابق پی آئی اے کاروبار میں بین الاقوامی شراکت داروں کو صرف 26 فیصد حصہ دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں نجکاری کے وفاقی وزیر محمد زبیر نے کہا تھا کہ قومی ایئر لائن کو آئندہ برس جولائی تک فروخت کر دیا جائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے نجکاری کے وزیر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا فیصلہ کئی برسوں سے ہونے والے شدید مالی خسارے اور بدانتظامی کی وجہ سے اس کی ساکھ کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کو ایک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کر دیا تھا۔ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے پی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق صدارتی آرڈیننس جاری کرنے پر شدید تنقید کی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب پی آئی اے کی نجکاری کی خبروں کے سامنے آنے کے بعد سے قومی ایئرلائن کے ملازمین حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔







