لورالائی میں کوئلے کی کان میں دھماکہ، تین کان کن ہلاک

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں کوئلے کی کان میں دھماکے سے تین کان کن ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
پی ٹی وی کے مطابق یہ حادثہ لورالائی کے علاقے دکّی میں واقع ایک کان میں پیش آیا۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کان میں دھماکہ گیس جمع ہونے کی وجہ سے ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہیں محکمہ مائنز کی جانب سے پھنسے ہوئے کان کنوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق دکّی سے ہی بتایا جاتا ہے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کوئلے کی کان کنی بلوچستان کی بڑی صنعتوں میں سے ایک ہے اور صوبے کے مختلف علاقوں میں ساڑھے چار سو سے زائد کوئلے کی کانیں ہیں جہاں ایسے حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔
دکّی کے علاقے میں ہی رواں برس فروری کے مہینے میں بھی کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ ہوا تھا جس میں متعدد کان کن مارے گئے تھے۔
ایسے حادثات میں ہلاکتوں کی بڑی وجہ کان کنوں کی حفاظت کے مناسب انتظامات نہ ہونے کو قرار دیا جاتا ہے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







