آواران میں بار کے ضلعی صدر فائرنگ سے ہلاک

داد شاہ قمبرانی کو موٹر سائیکل پر گھر جاتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا گیا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنداد شاہ قمبرانی کو موٹر سائیکل پر گھر جاتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا گیا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع آواران میں معروف وکیل اور بار کے ضلعی صدر داد شاہ قمبرانی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

سیاسی حوالے سے ان کا تعلق بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل گروپ) سے تھا۔

آواران میں انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ داد شاہ قمبرانی کو موٹر سائیکل پر گھر جاتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

ان کا گھر آواران ٹاؤن کے قریب زیارت ڈن کے علاقے میں واقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹاؤن سے تقریباً آٹھ کلومیٹر دور نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ ان کے رشتہ داروں نے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کروایا ہے۔

داد شاہ قمبرانی کو کچھ عرصہ قبل نامعلوم افراد نے اغوا بھی کیا تھا۔ ان کے اغوا کے خلاف بلوچستان کے وکلا نے احتجاج بھی کیا تھا تاہم کچھ عرصہ بعد انھیں چھوڑ دیا گیا تھا۔

داد شاہ قمبرانی کو ہلاک کرنے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔ تاحال ان کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

آواران کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو شورش سے زیادہ متاثر ہیں۔

اس صورتِ حال کے باعث آواران ٹاؤن اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔