بلوچستان میں حکمراں جماعت کے مقامی رہنما ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں حکمران جماعت نیشنل پارٹی کے ایک مقامی رہنما ہلاک ہوگئے ہیں۔
نیشنل پارٹی کے رہنما کی ہلاکت کا واقعہ جمعے کو ضلعے کی تحصیل تمپ کے علاقے بالیچہ میں پیش آیا۔
نیشنل پارٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلح گروہ کا سیاسی کارکنوں کے خلاف قوم دشمن اقدام قرار دیا ہے۔
نیشنل پارٹی کی جانب سے اس واقعے کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
کیچ انتظامیہ کے مطابق دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار میجر (ریٹائرڈ) محمد علی بلوچ کے گھر آئے۔
’موٹر سائیکل سواروں نے نیشنل پارٹی کے رہنما کو باہر بلایا۔ وہ جیسے ہی اپنے گھر سے باہر آئے تو مسلح افراد نے ان پر فائر کھول دیا۔‘
میجر ریٹائرڈ محمد علی بلوچ نیشنل پارٹی بالیچہ کے آرگنائزر تھے اور ان کا شمار ضلع میں پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
تاحال ان کی ہلاکت کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
محمد علی بلوچ کسی خلیجی ملک کی فوج میں میجر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔
کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں۔
بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے اس ضلعے میں ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور بدامنی کے دیگر واقعات کمی و بیشی کے ساتھ رونما ہو رہے ہیں۔







