’اقوام متحدہ کی پاک بھارت مذاکرات میں کردار ادا کرنے کی پیشکش‘

،تصویر کا ذریعہAFP
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مذاکرات کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے متنازع کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ کیا۔
نیو یارک میں ہونے والی اس ملاقات میں نواز شریف نے تنازعہِ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد پر بھی زور دیا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور یہ کہ وہ افغانستان کے ساتھ نئے تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہیں۔
’پاکستان، افغانستان میں مصالحتی عمل میں معاونت کے لیے تیار ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
دوسری جانب پاکستانی وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت کے ذریعے پر امن طور پر حل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نواز شریف نے امریکہ کو کنٹرول لائن پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے متعلق پاکستان کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
امریکی وزیرخارجہ نے دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے پاکستان کی کوششوں اور آپریشن ضرب عضب کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران بڈھ بیر پر دہشتگرد حملے پر تعزیت کے ساتھ ساتھ افغانستان میں امن اور مصالحتی کوششوں اور خطے میں سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ صدر اوباما اکتوبر میں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کے منتظر ہیں۔







