ہنزہ میں ’پاک چین دوستی سرنگ‘ کا افتتاح

،تصویر کا ذریعہPID
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے پیر کو چینی کمپنی کے اشتراک سے گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں عطا آباد جھیل پر شاہراہ قراقرم کی بحالی کے لیے تعمیر کی گئی سرنگ کا افتتاح کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق یہ سرنگ شاہراہ کے ان حصوں کی بحالی کیلئے تعمیر کی گئی ہے جو جنوری سنہ 2010 میں مٹی کا تودہ گرنے سے مہندم ہوگئے تھے۔
24 کلومیٹر طویل اس نئی شاہراہ پر سات کلومیٹر طویل پانچ سرنگیں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اس شاہراہ پر دو بڑے اور78 چھوٹے پل تعمیر کیے گئے ہیں۔
پانچ سرنگوں پر مشتمل اس منصوبے کو ’پاکستان، چین دوستی سرنگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
عطا آباد جھیل پر شاہراہ قراقرم کی بحالی کے اس منصوبے کو 3 سال 2 ماہ کے عرصے میں مکمل کیاگیا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف چین کے ساتھ تجارت کو فروغ ملےگا بلکہ علاقے کے ہزاروں لوگوں کو بھی سہولت ملےگی۔

،تصویر کا ذریعہPID
نواز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع ہیں جنھیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے اس سال علاقے میں ہزاروں سیاحوں کے آنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد نواز شریف نے یقین دلایا ہے کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پیر کو گلگت میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور وزرا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے کے لوگوں کی تقدیر بدل جائے گی۔
انھوں نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ چار جنوری سنہ 2010 کو ہنزہ تحصیل کےگاؤں عطا آباد سے گزرنے والے دریائے ہنزہ میں ’مٹی کا تودہ’ گرنے کے باعث دریائے ہنزہ میں پانی کا بہاؤ رک گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک جھیل معرضِ وجود میں آئی تھی۔







