کراچی میں ایم کیو ایم کی ہڑتال بےاثر، شہر کھلا رہا

- مصنف, شمائلہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سنیچر کے روز کراچی میں ہڑتال کی اپیل کے باوجود کاروبارِ زندگی معمول کے مطابق جاری رہا ہے۔
ایم کیو ایم نے اپنے چار کارکنوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف سنیچر کو ملک بھر میں پُرامن یوم سوگ منانے اور کراچی میں کاروبارِ زندگی بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔
ہڑتال کی اپیل کے باوجود شہر میں بیشتر کاروباری مراکز کھلے رہے اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہی۔
پولیس اور رینجرز کے دستے شہر میں جگہ جگہ گشت کرتے رہے اور رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن، کریم آباد ،گارڈن اور لیاقت آباد سے آٹھ ’شر پسندوں‘ کو گرفتار بھی کیا ہے۔
رینجرز کے مطابق ان افراد کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے جو شہریوں اور تاجر برادری کو اپنے معمولات زندگی بند کرنے کے لیے دھمکا رہے تھے۔
ان کے مطابق ان ملزمان کو جلد ہی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ایم کیوایم کے یوم سوگ کو ناکام بنانے کے لیے شہر کی مختلف مارکیٹوں کی انجمنوں کے عہدیداروں اورٹرانسپورٹرز پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ دکانیں اور بازار کھولیں۔
جماعت کی جانب سے ان اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب رینجرز سے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے چار مشتبہ ملزمان کو اپنا کارکن قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ یہ اراکین کئی ماہ سے لاپتہ تھے اور انھیں ماورائے عدالت قتل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب رینجرز کا موقف ہے کہ یہ ملزمان ایم کیو ایم لیگل ایڈ کمیٹی کے ممبر اور وکیل حسنین بخاری کے قتل میں ملوث تھے اور پارٹی کے ایما پر ’سیف ہاؤسز‘ میں روپوش تھے۔







