کراچی میں سینیئر صحافی آفتاب عالم قتل

،تصویر کا ذریعہGEO
- مصنف, شمائلہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ایک سینیئر صحافی آفتاب عالم کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
نامعلوم افراد نے بدھ کی دوپہر علاقے نیوکراچی کے سیکٹر 11 سی میں آفتاب عالم کو نشانہ بنایا۔
سپرنٹینڈنٹ پولیس گلبرگ ڈویژن فیصل نور نے بی بی سی کو بتایا کہ ’آفتاب عالم بچوں کو لینے سکول جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم افراد نے انھیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔‘
ایس پی فیصل نور نے بتایا کہ اس واقعے کی فی الوقت ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے تاہم ابتدائی تفتیش جاری ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ’آفتاب عالم پر حملہ کرنے والے دونوں نامعلوم ملزمان نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے اور انھوں نے نائن ایم ایم پستول سے تین فائر کیے۔‘
عباسی شہید ہسپتال کے ایم ایل او ذوالفقار نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ آفتاب عالم کے سر پر گولی لگی اور ہسپتال پہنچنے تک وہ ہلاک ہو چکے تھے، تاہم اہلِ خانہ ان کی موت کی تصدیق کے باوجود مطمئن نہ ہوئے اور لاش لے کر نجی ہسپتال آغا خان چلے گئے۔‘
40 سالہ آفتاب عالم کئی سال سے مختلف نجی چینلوں جیو اور سماء سے منسلک رہے، تاہم تقریباً پچھلے ایک سال سے وہ کسی بھی چینل سے منسلک نہیں تھے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ہی کراچی میں نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر حملے میں ادارے کا ایک انجینیئر ارشد علی جعفری ہلاک اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
صحافیوں کی تنظیم کراچی یونین آف جرنلسٹ کے سربراہ جی ایم جمالی نے 24گھنٹوں کے دوران دو صحافیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے آج چار بجے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔







