امریکی قومی سلامتی کی مشیر اتوار کو پاکستان پہنچ رہی ہیں

امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کی اسلام آباد میں آمد ایسے وقت ہو رہی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے
،تصویر کا کیپشنامریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کی اسلام آباد میں آمد ایسے وقت ہو رہی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے

پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس ایک روزہ دورہ پر اتوار 30 اگست کو اسلام آباد پہنچ رہی ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس وزیراعظم نواز شریف، فوجی کے سربراہ راحیل شریف اور مشیر خارجہ و سلامتی اُمور سرتاج عزیز سے ملاقات کریں گی۔

امریکی قومی سلامتی میشر کی پاکستان حکام سے ملاقات کے دوران سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی تعلقات میں اضافے کے بارے میں گفتگو کی جائے گی۔

خیال رہے کہ امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزن رائس کی ایک ایسے وقت پر اسلام آباد آ رہی ہیں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی قومی سلامتی کی مشیر نے پاکستان آنے سے قبل چین کا دورہ کیا ہے جہاں انھوں نے چینی صدر کے دورہ امریکہ سے قبل چینی حکام سے ملاقات کی۔

پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان اگست کے پہلے ہفتے ہونے والے مذاکرات بھی منسوخ ہو گئے تھے۔امریکہ نے مذاکرات کی منسوخی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں پر زور دیا تھا کہ وہ جلد باقاعدہ مذاکرات بحال کریں۔

اس کے علاوہ افغانستان میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور رواں ماہ افغان صدر اشرف غنی نے ملک میں تشدد کی حالیہ لہر پر پاکستان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں امن کی امید تھی لیکن پاکستان سے کابل کو جنگ کے پیغامات مل رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے تعاون پر مبنی سوچ کی ضرورت ہے۔

امریکی قومی سلامتی کی مشیر کی پاکستان آمد پر رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم نواز شریف کے امریکہ کے متوقع دورے کی تفصیلات پر بھی غور کیا جائے گا۔