عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سے کئی کلو سونا برآمد

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق دور حکومت میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سپیشل اسسٹنٹ سید معصوم شاہ سے کئی کلو سونا برآمد کیا ہے۔
قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سید معصوم شاہ کی نشاندہی پر نیب نے خفیہ مقام سے سونا برآمد کیا ہے جس کا وزن کئی کلو ہے۔
اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے کلو سونا برآمد کیا گیا ہے تاہم اتنا بتایا گیا ہے کہ یہ سونے کے چھوٹے بلاکس کی شکل میں ہے۔
نیب کے مطابق سید معصوم شاہ کو مالی بد عنوانی اور اپنی آمدنی سے زیادہ وسائل رکھنے کے الزام میں رواں ماہ کی 11 تاریخ کوگرفتار کیا گیا تھا۔
سید معصوم شاہ ان دنوں نیب کی تحویل میں ریمانڈ پر ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سید معصوم شاہ کے پاس اس سونے اور نقدی کے علاوہ قیمتی جائیداد بھی ہے۔
جائیداد کی اس فہرست میں ضلع بٹگرام میں 12 کنال پر مشتمل مکان اور حجرے کے علاوہ پشاور، راولپنڈی اور کراچی میں کئی پلاٹ اور مکانات ان کی ملکیت میں ہیں۔
سید معصوم شاہ گذشتہ دور حکومت میں عوامی نیشنل پارٹی کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے خصوصی نائب تھے اور ان پر الزام تھا کہ وہ مالی بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ نیب نے گذشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے محکمہ معدنیات کے اہم افسران کو بھی گرفتار کیا تھا جبکہ صوبائی احتساب کمیشن نے بھی اس بارے میں اہم گرفتاریاں کر رکھی ہیں۔
ان میں پاکستان تحریک انصاف کے وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی بھی شامل ہیں۔







