اولمپیئن قاسم ضیا کرپشن کے الزامات میں گرفتار

،تصویر کا ذریعہFIH
- مصنف, عدیل اکرم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
قومی احتساب بیورو یعنی نیب نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق اولمپیئن قاسم ضیا کو کروڑوں روپے کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
احتساب عدالت نے قاسم ضیا کا جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں تفتیش کے لیے نیب کی تحویل میں دے دیا ہے۔
قاسم ضیا کو جمعے کی رات نیب پنجاب نے حراست میں لیا تھا اور انھیں سنیچر کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے قاسم ضیا کا 14 دن کا ریمانڈ دیتے ہوئے انہیں 22 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
نیب نے لگ بھگ چودہ برسوں کے بعد کسی سیاست دان کو پنجاب سے حراست میں لیا ہے۔
نیب نے عدالت کو بتایا کہ ملزم قاسم ضیا سمیت پانچ افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے لوگوں سے کروڑوں کا فراڈ کیا ہے۔
نیب کے مطابق قاسم ضیا علی عثمان سیکیورٹیز کے ڈائریکٹرز میں ایک ہیں اور اس کمپنی نے سٹاک ایکسچینج میں جعل سازی کی اور عوام کو دھوکہ دیا۔
قاسم ضیا پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وہ ماضی میں پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے رکن بھی رہے اور اس ہاکی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 1984 میں امریکہ میں ہونے والے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔
قاسم ضیا پانچ برس تک پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے اور 2013 میں اس عہدے سے الگ ہوگئے تھے۔







