سابق ہاکی اولمپینز جوا کھیلتے ہوئے گرفتار

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں چار سابق ہاکی اولمپینز سمیت آٹھ افراد کو لاہور پولیس نے جوا کھیلنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار ہونے والوں میں دانش کلیم، انجم سعید، قمر ابراہیم، کامران اشرف، رانا ظہیر، عرفان ضیا، محمد عرفان اور سہیل اشرف شامل ہیں۔
یہ تمام افراد اس وقت کسی نہ کسی طرح پاکستان ہاکی فیڈریشن اور قومی ہاکی سے وابستہ ہیں۔
ایس ایچ او ناصرحمید نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس نے ہفتے کی شب لاہور کے ایک ہوٹل پر چھاپہ مارکر ان تمام افراد کو جوا کھیلتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔
ان کے خلاف گیمبلنگ ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ناصرحمید نے مزید بتایا کہ ان تمام کو اتوار کے روز عدالت میں پیش کیا گیا تاہم ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے سبب انہیں چودہ روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔



