ورلڈ کپ:آسٹریلیا، انگلینڈ اور بیلجیئم فتح یاب

دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح سے کیا

،تصویر کا ذریعہFIH

،تصویر کا کیپشندفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کا آغاز فتح سے کیا

یورپی ملک ہالینڈ میں جاری ہاکی کے 13 ویں عالمی کپ میں پیر کو کھیلے گئے پول اے کے میچوں میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا، انگلینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں فتح یاب ہوئی ہیں۔

دن کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے سپین کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میچ کے دوسرے ہی منٹ میں ٹم ڈیولن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جسے آٹھ منٹ بعد مارک نولز نے دوگنا کر دیا۔ آسٹریلیا کے لیے تیسرا گول 33ویں منٹ میں کلیرن گوورز نے کیا۔

دوسرے میچ میں بھارتی ہاکی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں دو ایک سے شکست ہوئی۔

اس میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف میں کھیل کے آخری لمحات میں سائمن مینٹل نے پنالٹی کارنر پرگول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوا دی۔

تیسرا میچ دن کا سب سے دلچسپ میچ ثابت ہوا اور اس کا نتیجہ بھی غیرمتوقع رہا۔

اس میچ میں بیلجیئم نے ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا۔ بیلجیئم کی جانب سے ٹام بون نے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور چھ میں سے چار گول انھوں نے ہی کیے۔

انگلش ٹیم نے دونوں گول پنلٹی کارنر پر کیے

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنانگلش ٹیم نے دونوں گول پنلٹی کارنر پر کیے

ملائیشیا کی جانب سے رزلے عبدالرحیم نے دونوں گول کیے۔

ہاکی کے اس عالمی کپ میں کل 12 ٹیمیں شریک ہیں جنھیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پول اے میں عالمی چیمپیئن آسٹریلیا، انگلینڈ، بیلجیئم، بھارت، سپین اور ملائیشیا شامل ہیں جبکہ پول بی عالمی کپ کی رنر اپ جرمنی، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ اور ارجنٹائن کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔

عالمی کپ کا فائنل 15 جون کو کھیلا جائے گا۔

ان عالمی مقابلوں کی اہم بات یہ ہے کہ چار بار کا عالمی چیمپیئن پاکستان اس میں موجود نہیں۔

عالمی کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ان مقابلوں کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا۔