ایم کیو ایم رہنما رشید گوڈیل قاتلانہ حملے میں شدید زخمی

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, احمد رضا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رکنِ قومی اسمبلی رشید گوڈیل کی حالت کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ناامیدی کی کیفیت ختم ہو گئی ہے تاہم ان کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی نے منگل کی شب بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ ’رشید گوڈیل شوگر اور دل کے مریض تھے۔ ’ان کے دل میں ایک اسٹنٹ پہلے ڈالا جاچکا تھا اور بدھ کو ہی ان کے دل میں مزید دو اسٹنٹ ڈالے جانے تھے کہ ان پر حملہ ہوگیا۔‘
انھوں نے کہا کہ رشید گوڈیل کو اب تک ہوش نہیں آیا ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ مگر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی امید بندھی ہے کہ ان زندہ رہنے کے امکانات نظر آرہے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق سینے میں لگنے والی گولی نے ان کے ایک پھیپھڑے کو نقصان پہنچایا ہے اور اگلے 48گھنٹے ان کی صحتیابی کے سلسلے میں بہت اہم ہیں۔
رشید گوڈیل منگل کی صبح بہادر آباد میں واقع اپنی رہائش گاہ سے نائن زیرو جارہے تھے کہ نیو ٹاؤن کے علاقے میں ان کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے رشید گوڈیل کو شناخت کرنے کے بعد فائرنگ کی اور اس واقعے میں ان کا ڈرائیور عبدالمتین ہلاک ہوگیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہNational Assembly
’فضل الرحمان کی ثالثی پر اعتماد ہے، بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے‘حملے کے بعد رشید گوڈیل کو لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا اور ہسپتال کے ترجمان نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل کو جبڑے، گردن اور سینے کے پاس پانچ سے چھ گولیاں لگیں اور انتہائی نگہداشت کے شعبے میں ان کا آپریشن کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایم کیو ایم کی جانب سے اس حملے کو اپنے ارکانِ اسمبلی کے استعفوں کی واپسی کے معاملے پر جاری بات چیت کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا گیا ہے۔
پارٹی رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل پر حملہ کر کے کراچی کے امن کو ہدف بنایا گیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور یہ کھلی دہشتگردی ہے۔
سندھ رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ رشید گوڈیل پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے اور حملہ آوروں کو جلد ہی قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
واقعے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے رشید گوڈیل پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔
رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کے بعد بہادر آباد اور طارق روڈ سمیت بعض علاقوں میں دکانیں بند کر دی گئیں تھیں۔
ادھر متحدہ قومی موومینٹ نے کہا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے منگل کو اسکے پانچ کارکنوں اور ذمہ داروں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ایک کارکن کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب ایم کیو ایم کے پارلیمان اور سندھ اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر نائن زیرو پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایم کیو ایم کی قیادت سے مذاکرات کیے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty
مذاکرات کے بعد ایم کیو ایم کے فاروق ستار اور مولانا فضل الرحمان دونوں نے رشید گوڈیل پر حملے کو بات چیت کو سبوتاژ کرنے کی ممکنہ سازش کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کہ ’آج جب ملکی اور سیاسی استحکام کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہورہی تھی تو اسی اثنا میں پارلیمان کے رکن پرگھات لگا کر حملہ کیا گیا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس پورے عمل کو جو ملکی اور سیاسی استحکام کے لیے کیا جارہا ہے کہیں یہ اسے سبوتاژ کرنے کی سازش نہ ہو۔‘
انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے اور اس واقعے کے پیچھے جن لوگوں کا ہاتھ ہے انہیں بےنقاب کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمن نے بھی کہا کہ عین ایسے وقت پر جب کہ ہم خیرسگالی کے جذبے سے ایک بڑے اہم مسئلے کو حل کرنے بیٹھے تھے کہ رشید گوڈیل پر حملے کی انتہائی افسوسناک خبر آئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’یہ حملہ اس سارے عمل کو سبوتاژ کرنے کی بڑی بزدلانہ کوشش ہے اور میں ایم کیو ایم کا شکر گزار ہوں کہ اتنے بڑے حادثے کے باوجود انھوں نے اپنے مثبت رویے میں کوئی تبدیلی نہیں لائی اور ملک اور قوم اور ملک کے سیاسی نظام کو بحران سے نکالنے کے جذبے کو برقرار رکھا ہے۔‘







