خیبر ایجنسی میں دھماکہ، ایک فوجی کپتان سمیت تین ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک کپتان سمیت تین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقہ سپاہ میں سمندانہ کے قریب ہوا۔

سکیورٹی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ راستے میں ایک پرانی بارودی سرنگ نصب تھی جس کے پھٹنے سے تین سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے میں فوج کے ایک کیپٹن بھی شامل ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق یہ دھماکہ گذشتہ روز اس وقت ہوا جب سکیورٹی اہلکار اس علاقے کو بارودی سرنگوں سے صاف کر رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور ان دنوں علاقے کو بارودی سرنگوں اور دیگر دھماکہ خیز مواد سے صاف کیا جا رہا ہے۔

ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ تحصیل باڑہ کا ایک بڑا علاقہ بارودی سرنگوں سے پاک کر دیا گیا ہے اور اس علاقے میں معمول کی سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں۔

تحصیل باڑہ میں قدیمی باڑہ بازار کی بحالی کے علاوہ ان دنوں باڑہ میں صنعتی بستی کے قیام پر کام جاری ہے۔

خیبر ایجنسی میں عرصہ دراز سے کالعدم شدت پسند تنظیمیں متحرک تھیں جن میں لشکر اسلام اور تحریک طالبان کے علاوہ انصار الاسلام شامل ہیں۔

خیبر ایجنسی میں ان تنظیموں کے خلاف گذشتہ سات سالوں میں چار سے پانچ فوجی آپریشن کیے گئے۔

شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب کا دائرہ بھی خیبر ایجنسی تک بڑھا دیا گیا تھا اور گذشتہ ماہ خیبر ایجنسی میں فوجی آپریشن مکمل ہونے کی طلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔

ان دنوں خیبر ایجنسی کے علاقوں تیراہ اور سپاہ میں شدت پسندوں کی جانب سے نصب بارودی سرنگیں ناکارہ بنانے پر کام ہو رہا ہے ۔