ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے گا: آرمی چیف

آرمی چیف کو ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے نشہ آور ادویات کی سمگلنگ کے تدارک کے لیے کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشنآرمی چیف کو ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے نشہ آور ادویات کی سمگلنگ کے تدارک کے لیے کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں، انھیں مالی معاونت فراہم کرنے والوں اور دہشت گردوں کے درمیان موجود گٹھ جوڑ کو ختم کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف کو ڈی جی اے این ایف میجر جنرل خاور حنیف نے بریفنگ دی اور نشہ آور ادویات کی سمگلنگ کے تدارک کے لیے کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا۔

ڈی جی اے این ایف نے آرمی چیف کوبین الاقوامی اور علاقائی صورت حال اور اس کے پاکستانی معاشرے پر پڑنے والے اثرات سے بھی آگاہ کیا۔

انھوں نے ’ڈرگ فری سوسائٹی‘ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے پانچ سالہ منصوبے اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں بھی بتایا۔

اس موقعے پر جنرل راحیل شریف نے کہا کہ منشیات فروخت کرنے والے اور اس کی تیاری میں ملوث لوگ ملکی سکیورٹی کے لیے اتنے ہی نقصان دہ ہیں جتنے کہ دہشت گرد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈرگ کے کاروبار سے حاصل ہونے والا پیسہ دہشت گردی کی ترویج میں استعمال ہو رہا ہے۔ اس لیے نشے کے کاروبار میں ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں نے نمٹنا ہو گا۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ منشیات کے کاروبار کرنے والوں کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ہماری آنے والے نسلوں پر اس کے منفی اثرات مرتب کریں اور انھیں تباہ کریں۔

وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملکی سلامتی سمیت افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات کی
،تصویر کا کیپشنوزیراعظم اور آرمی چیف نے ملکی سلامتی سمیت افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات کی

دوسری جانب پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف نے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔

سرکاری ریڈیو کے مطابق ملاقات میں ملکی سیکورٹی اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی صورت حال کے تناظر میں افغان مفاہمتی عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔