لاہور: ڈیپارٹمنٹ سٹور میں آگ، چار منزلہ عمارت جل گئی

لاہور
،تصویر کا کیپشنلاہور کے علاقے لبرٹی مارکیٹ میں واقع سٹور میں آگ لگنے سے لاکھوں کی مالیت کا سامان جل گیا

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کے ایک جدید علاقے میں واقع ڈیپارٹمنٹ سٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے جلد ہی پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دس گھٹنے گزرنے کے بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

لاہور کی مشہور لبرٹی مارکیٹ کی ایک عمارت میں علی الصبح لگنے والی آگ اِس قدر شدید تھی کہ اِس نے جلد ہی چار منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

امدادی کارروائیاں کرنے والے اہلکار بلا تاخیر موقع پر پہنچ گئے تاہم عمارت میں لگی آگ کو بجھایا نہ جا سکا۔

امدادی کارروائیوں میں ایک درجن سے زائد آگ بجھانے والی گاڑیاں استعمال کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو کے عمل میں پاکستان فضائیہ کا عملہ اور گاڑیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

آگ اتنی شدید تھی کہ دس گھنٹوں تک اس پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا
،تصویر کا کیپشنآگ اتنی شدید تھی کہ دس گھنٹوں تک اس پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا

فضائیہ کے ریسکیو عملے کے افسر کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کو آگ بجھانے میں مشکالات کا سامنا ہے کیونکہ عمارت کے اندر پانی کی دھار نہیں پہنچ رہی ہے۔

ضلعی رابطہ افسر کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

ڈی سی او محمد عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ کے قریبی ہوٹل اور دیگر کئی عمارتوں سے لوگوں کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

آگ بجھانے کے عمل کے دوران امدادی کارروائیاں کرنے والے دو اہلکار بھی معمولی زخمی ہو گئے ہیں اور اس سانحے میں لاکھوں کی مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ہے۔