یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے کا ٹیلی فون پر رابطہ

علی حیدر نے اپنے والد کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور اب وہ جس مقام پر ہے وہاں حالات بہتر ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعلی حیدر نے اپنے والد کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور اب وہ جس مقام پر ہے وہاں حالات بہتر ہیں
    • مصنف, عدیل اکرم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان کے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا اُن کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی سے ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ علی حیدر گیلانی نے نامعلوم مقام سے اپنے والد سے آٹھ منٹ تک فون پر بات کی۔

یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو سنہ 2013 میں اِنتخابی مہم کے دوران صوبہ پنجاب کے شہر ملتان سے اغوا کر کیا گیا تھا۔

اطلاعات ہیں کہ علی حیدر گیلانی کا فون اُن کے والد کے پاس اُس وقت آیا، جب یوسف رضا گیلانی ، تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور پیپلز پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی ملتان شہر کے نواحی علاقے جلال پور پیر والا میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔

اغوا کاروں نے ڈاکٹر جاوید صدیقی کو موبائل پر ایک پیغام بھیجا جس میں اُن سے پوچھا گیا کہ کیا یوسف رضا گیلانی بھی اُن کے ساتھ موجود ہیں؟ مغویوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی اُن سے بات کرنا چاہتے ہیں۔۔

ڈاکٹر جاوید صدیقی نے بی بی سی کو بتایا کہ پیغام کے جواب میں انھوں نے ہاں کا پیغام بھیجا اور پھر اُس کے بعد اُن کے موبائل پر فون آیا۔

ڈاکٹر جاوید صدیقی کے بقول علی حیدر نے اپنے والد کو بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں اور اب وہ جس مقام پر ہے وہاں حالات بہتر ہیں۔

علی حیدر کا کہنا تھا کہ وہ اِس سے پہلے جس مقام پر تھے وہاں حالات اچھے نہیں تھے اور اکثر ڈرون حملے ہوا کرتے تھے۔

سابق رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ علی حیدر نے اپنے والد اور شاہ محمود قریشی سے بات کی۔

ڈاکٹر جاوید صدیقی کا کہنا تپا کہ اُن کے موبائل پر جس نمبر سے فون آیا وہ افغانستان کا تھا۔

پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے نہ تو کسی سے بات کی اور نہ ہی اُن کی جانب سے کوئی مطالبہ سامنے آیا۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو سنہ 2013 کے عام انتخابات سے چند روز قبل اغوا کر لیا گیا۔ انھیں اُس وقت اغوا کیا گیا تھا کہ جب وہ ملتان کے مضافات میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کر رہے تھے۔

علی حیدر گیلانی کے اغوا کے بعد کئی بار میڈیا میں یہ خبریں آئیں کہ یوسف رضا گیلانی کو اُن کے بیٹے کی خیریت کے حوالے آگاہ رکھا جاتا ہے۔

علی حیدر گیلانی پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے بیٹے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنعلی حیدر گیلانی پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے بیٹے ہیں

گذشتہ سال اپریل میں قانون نافذ کرنے والے <link type="page"><caption> اداروں کو علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو ملی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اُنھیں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے نہیں بلکہ ایک اور گروہ نے اغوا کیا۔</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/pakistan/2014/04/140425_ali_haider_gillani_video_rh.shtml" platform="highweb"/></link>

علی حیدر گیلانی کے اغوا کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں شامل ایک اہلکار کے مطابق ویڈیو میں مغوی علی حیدر گیلانی نے اس گروپ کا نام نہیں لیا جن کی وہ تحویل میں ہیں۔

عام طور پر تاثر یہی رہا ہے کہ علی حیدر گیلانی کو طالبان نے اپنی قید میں رکھا ہوا ہے۔

اہلکار کے مطابق اس ویڈیو میں علی حیدر گیلانی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے اور اُن کے حلیے سے ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے ان پر خاصا تشدد کیا گیا۔