’بلوچستان سرچ آپریشن میں 10 شدت پسند ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن اور تشدد کے دیگر واقعات میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن بدھ کو مستونگ، قلات اور پنجگور کے اضلاع میں کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق مستونگ اور قلات کے علاقوں اسپلنجی، جوہان اور ہربوئی میں عسکریت پسندوں کے کمین گاہوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ جس میں ایف سی کے تقریباً 400 اہلکاروں نے حصہ لیا۔
انھوں نے بتایا کہ سرچ آپریشن میں فورسز کی سپلائی اور رسد کیلئے ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ایف سی اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں عسکریت پسندوں کے کیمپ اور بارود سے لدّی گاڑی بھی تباہ ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کے دوران 8 عسکریت ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان علاقوں میں ہونے والے آپریشن میں 3 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق عسکریت پسند سیندک پروجیکٹ کے آئل ٹینکر ز کو نذرآتش کرنے، گزشتہ روزنوشکی میں سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے اور دیگر تخریبی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
دوسری جانب کالعدم عسکریت پسند تنظیم یونائیٹڈ بلوچ آرمی نے اس حوالے سے جو بیان جاری کیا ہے اس کے مطابق اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے عسکریت پسند نہیں تھے اور ان علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں میں ان کو جانی مالی نقصان پہنچایا گیا۔
فرنٹیئر کور کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پنجگور میں بھی دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ کاروائی خفیہ اطلاع پر تسپ کے علاقے میں کی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر ساحلی ضلع گوادر کے علاقے اور ماڑہ سے تین افراد کو اغوا کر لیا گیا۔ گوادر انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اغوا ہونے والوں میں اورماڑہ کی ایک یونین کونسل کے ناظم اور محکمہ صحت کے ایک اہلکار کے علاوہ لیویز فورس کا بھی ایک اہلکار شامل ہے۔
انتظامیہ کے اہلکار نے بتایا کہ تاحال اغوا کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔
کوئٹہ میں بھی تشدد کے ایک واقعے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو برتن فروش ہلاک ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کو سریاب کے علاقے میں ڈگری کالج کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک شدگان کا تعلق قبائلی علاقے باجوڑ سے ہے







